ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / چنئی سپر کنگز کی جانب سے دھونی کی کپتانی میں کھیلا ، ان میں ذرا بھی اکڑ نہیں ہے:مرلی دھرن

چنئی سپر کنگز کی جانب سے دھونی کی کپتانی میں کھیلا ، ان میں ذرا بھی اکڑ نہیں ہے:مرلی دھرن

Wed, 11 Jan 2017 14:59:43    S.O. News Service

کولکا تہ، 10؍جنوری (ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا ) ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ وکٹ لینے والے سری لنکا کے عظیم گیند باز مرلی دھرن نے مہندر سنگھ دھونی کی تعریف کرتے ہوئے انہیں ہندوستان کے بہترین کپتانوں میں سے ایک بتایا ہے۔دھونی کو انتہائی نرم مزاج اور شائستہ بتاتے ہوئے مرلی نے کہاکہ آئی پی ایل کی چنئی سپر کنگز کی ٹیم میں میں نے تین سال ان کی کپتانی میں کھیلا ہے اور پایا کہ ان میں ذرا بھی اکڑ نہیں ہے۔دھونی ہمیشہ زمین سے جڑے رہے اور مجھے اور مائیکل ہسی جیسے سینئر کھلاڑیوں سے مشورہ لیتے تھے، ہندوستان میں اتنا مقبول ہونے کے باوجود ان کا معیار زندگی سادہ رہا۔اپنی کپتانی میں 2007میں ہندوستان کو ٹی- 20ورلڈ کپ اور 2011میں ورلڈ کپ دلانے والے ماہی نے حال ہی میں ون ڈے اور ٹی- 20ٹیموں کی کپتانی سے استعفی دے دیا ہے۔بنگال کرکٹ ایسوسی ایشن (سی اے بی )کے ویژن 2020پروگرام میں شامل مرلی نے یہاں کہاکہ اتنے طویل کرکٹ کیریئر میں دھونی ہندوستان کے بہترین کپتانوں میں سے ایک ہیں۔مرلی دھرن سے جب پوچھا گیا کہ کیا کوہلی کپتانی میں دھونی کی کمی کو پوری کرپائیں گے، تو سری لنکا کے اس اسپن گیندباز نے کہاکہ کوہلی سے مجھے بہت امید ہے، کیونکہ انہیں چیلنجز پسند ہیں اور وہ ایک کمال کے بلے باز ہیں۔انگلینڈ کے خلاف آئندہ 15؍جنوری سے شروع ہونے والی ون ڈے سیریز کے بارے میں مرلی نے ٹیم انڈیا کو مخالف ٹیم کو ہلکے میں نہیں لینے کی صلاح دی۔انہوں نے کہاکہ انگلینڈ کی ون ڈے اور ٹی- 20ٹیمیں اچھی ہیں اور ٹیسٹ ٹیم سے بالکل الگ ہیں۔کوہلی کو ون ڈے سیریز کے دوران انگلینڈ کو ہلکے میں نہیں لینا چاہیے اور کھیل کے دوران دھونی سے مسلسل صلاح ومشورہ کرتے رہنا ہو گا ۔سری لنکا کے لیے 133ٹیسٹ میچوں میں 800وکٹ لینے والے مرلی دھرن نے بحران کے دور سے گزر رہی سری لنکا کی ٹیم کی کارکردگی پر کہاکہ سینئر کھلاڑیوں کے جانے سے خالی ہوئی جگہ کی تلافی اتنی جلدی نہیں ہو سکے گی۔اس میں ابھی وقت لگے گا۔انہوں نے کہا کہ سری لنکا کی ٹیم کے نوجوان کھلاڑی ابھی سیکھنے کے دور سے گزر رہے ہیں،امید ہے کہ وہ جلد ہی فارم میں آ جائیں گے۔


Share: